پاک فوج اور پولیس کا بنوں میں خوارج کے خلاف کامیاب آپریشن

03:23 PM, 8 Aug, 2025

بنوں: بنوں کے علاقے ہوید میں پاک فوج اور پولیس نے خوارج کے خلاف مشترکہ طور پر سرچ اینڈ ٹارگٹڈ آپریشن کیا، جس میں اہم کامیابیاں حاصل کی گئیں۔ آپریشن کی بنیاد خفیہ معلومات اور انٹیلیجنس رپورٹس پر رکھی گئی تھی، جس کا مقصد علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنا اور امن و امان کو یقینی بنانا تھا۔

پاک فوج اور پولیس نے علاقے کو گھیر کر مشتبہ افراد کو حراست میں لیا اور خوارج کے دو مقامی سہولت کاروں کے گھروں کو بھی مسمار کر دیا۔ اس دوران کئی مشتبہ افراد کی گرفتاری عمل میں آئی، جنہیں پولیس نے حراست میں لے لیا۔

علاقہ مکینوں نے سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کو سراہا اور کہا کہ اس آپریشن سے علاقے میں امن کا قیام ممکن ہو گا۔ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خاتمے اور دیرپا امن کے قیام کے لیے اپنے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کی حفاظت کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے۔

مزیدخبریں