کمبوڈیا کی طرف سے ٹرمپ کو نوبل امن انعام کے لیے نامزدگی

05:09 PM, 8 Aug, 2025

کمبوڈیا :کمبوڈیا نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امن کے نوبل انعام کے لیے نامزد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کمبوڈیا کے وزیرِ اعظم ہن مانیت نے اس بات کا اظہار جمعرات کی رات اپنی فیس بک پوسٹ میں کیا، جس کے ساتھ ایک خط بھی شامل تھا، جو ان کے مطابق ناروے کی نوبل کمیٹی کو بھیجا گیا۔

وزیرِ اعظم ہن مانیت نے ٹرمپ کی ’غیر معمولی قیادت‘ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مداخلت نے کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے درمیان سرحدی تنازعے کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے خط میں لکھا کہ ’’ٹرمپ کی بروقت مداخلت نے ایک ممکنہ تباہ کن تنازعے کو روک کر انسانی جانوں کے بڑے پیمانے پر نقصان سے بچایا اور امن کی بحالی کی راہ ہموار کی۔‘‘

رائٹرز کے مطابق، 26 جولائی کو امریکی صدر نے تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے رہنماؤں سے ٹیلی فون پر بات چیت کی تھی، جس سے دونوں ممالک کے درمیان حالیہ تاریخ کی سب سے شدید لڑائی ختم کرنے کی کوششوں میں کامیابی حاصل ہوئی۔ اس کے نتیجے میں 28 جولائی کو ملائیشیا میں جنگ بندی معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت دونوں ممالک نے دشمنی دوبارہ شروع نہ کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

یاد رہے کہ کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے درمیان پانچ روز تک جاری رہنے والی جھڑپوں میں 43 افراد ہلاک اور تین لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو گئے تھے۔

یہ نامزدگی اس وقت متوقع تھی جب گزشتہ ہفتے کمبوڈیا کے نائب وزیرِ اعظم نے ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا تھا کہ امریکہ نے کمبوڈیا کی درآمدات پر 49 فیصد ڈیوٹی کم کر کے 19 فیصد کر دی تھی، جس سے ملک کی اہم گارمنٹس انڈسٹری کو بچایا جا سکا تھا۔

پاکستان نے بھی بھارت کے ساتھ تنازعہ کے حل میں ٹرمپ کے کردار پر انہیں نوبل امن انعام کے لیے تجویز کرنے کا اعلان کیا تھا، جبکہ اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو نے بھی گزشتہ ماہ کہا تھا کہ انہوں نے ٹرمپ کو اس انعام کے لیے نامزد کیا ہے۔

مزیدخبریں