خیبرپختونخوا میں حکومت کے بدلنے کے امکانات روشن، مضبوط اپوزیشن اتحاد سے حالات تبدیل ہو سکتے ہیں: امیر مقام

08:06 PM, 8 Aug, 2025

پشاور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر اور وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں حکومت کی تبدیلی کا امکان کم نہیں، مناسب موقع پر اکثریت ثابت کر کے دکھائیں گے کہ مضبوط اپوزیشن اتحاد 53 ارکان کے ساتھ صوبے کی سیاسی صورتحال بدل سکتا ہے۔

یہ بات انہوں نے صوابی میں ن لیگ خیبرپختونخوا کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری حاجی دلدار خان کے بھائی کے انتقال پر تعزیت کے لیے ان کے گھر جاتے ہوئے کہی۔

امیر مقام نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مذاکرات کی خواہش مند ہے مگر افسوس ہے کہ پی ٹی آئی ایسا کرنے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف عدالت میں کیسز زیر سماعت ہیں اور انہیں قانونی طور پر ان کا سامنا کرنا چاہیے۔

انہوں نے واضح کیا کہ 9 مئی کے مقدمات ن لیگ سے متعلق نہیں ہیں اور قومی مفادات کے لیے سب جماعتیں مل کر کام کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے یوم استحصال کشمیر پر احتجاج کو غیر مناسب قرار دیا اور کہا کہ قوم نے انہیں مسترد کر دیا ہے، اب یوم آزادی پر احتجاج کی کال بھی ملک دشمنی ہے۔

امیر مقام نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی کی قیادت بھارت اور اسرائیل کو خوش کرنے کے لیے یوم آزادی پر ملک میں انتشار پھیلانا چاہتی ہے، جب کہ مسلم لیگ ن کی حکومت اس بار یوم آزادی کو شاندار طریقے سے مناتے ہوئے پاک فوج کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرے گی۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے ہمیشہ مسلم لیگ کو حب الوطنی کی بنیاد پر ووٹ دیا ہے اور آئندہ بھی ملک میں حکومت سبز پرچم کے حق میں ہوگی۔
 

مزیدخبریں