کینیڈا : کینیڈا کے شہر سرے میں بھارتی کامیڈین کپل شرما کے حال ہی میں کھولے گئے کیفے "کیپس کیفے" پر ایک بار پھر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ واقعے کی ذمہ داری لارنس بشنوئی گینگ اور گورپریت سنگھ عرف گولڈی ڈھلوں نے قبول کر لی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کیفے کی کھڑکیوں میں تقریباً چھ گولیوں کے نشانات پائے گئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ایک مبینہ پوسٹ میں گینگ کے افراد نے فائرنگ کی ذمہ داری قبول کی اور اس حملے کی وجہ کپل شرما کی نیٹ فلکس شو میں سلمان خان کو مدعو کرنا قرار دی ہے۔
بشنوئی گینگ کے رکن ہیری باکسر کی ایک آڈیو ریکارڈنگ بھی منظر عام پر آئی ہے، جس میں انہوں نے خبردار کیا ہے کہ سلمان خان کے ساتھ کام کرنے والے کسی بھی ہدایتکار، پروڈیوسر یا فنکار کو نشانہ بنایا جائے گا۔
یہ واقعہ کپل شرما کے کیفے پر پہلی بار ہونے والی فائرنگ کے بعد دوسری مرتبہ پیش آیا ہے، جس سے سیکیورٹی خدشات بڑھ گئے ہیں۔