راولپنڈی: آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج نے نشانِ حیدر کے حامل میجر طفیل محمد شہید کی 68ویں برسی کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، سروسز چیفس اور مسلح افواج نے میجر طفیل محمد شہید کی بے مثال شجاعت اور لازوال قربانی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق میجر طفیل محمد شہید نے دشمن کے خلاف کارروائی کے دوران غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کیا اور شدید زخمی ہونے کے باوجود ہمت اور عزم کا دامن نہیں چھوڑا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ میجر طفیل محمد شہید کی جرات، بہادری اور فرض سے غیر متزلزل وابستگی نئی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہیں وطن کے دفاع میں بے مثال شجاعت پر ملک کے اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشانِ حیدر سے نوازا گیا۔
پاک فوج کے ترجمان ادارے کے مطابق وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہداء کو قوم اور مسلح افواج خراجِ عقیدت پیش کرتی ہیں۔ شہداء کی قربانیاں وطن کے دفاع اور قومی جذبے کی روشن مثال ہیں، جبکہ ان کی بہادری اور حب الوطنی کا ورثہ آنے والی نسلوں کو متاثر کرتا رہے گا۔