پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ اہم تاریخی پیشرفت: بلاول بھٹو

03:10 PM, 8 Aug, 2026

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو اہم تاریخی پیشرفت قرار دیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مشترکہ دفاعی معاہدے سے پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید تقویت ملے گی جبکہ تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون بھی مضبوط ہوگا۔ انہوں نے معاہدے کو سعودی عرب، پاکستان اور ترکی کے محفوظ اور مستحکم مستقبل کے لیے اہم قرار دیا۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین کے مطابق مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ خطے اور عالمی سطح پر امن و سلامتی کے لیے بھی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے علاقائی حالات میں باہمی دفاعی تعاون تینوں ممالک کے لیے اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے مشترکہ دفاعی معاہدے کو ممکن بنانے میں وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کے کردار کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے ان کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے درمیان دفاعی شراکت داری سے باہمی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ میں مدد ملے گی۔

مزیدخبریں