لاہور: پاکستان ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ میڈیکل اینڈ ڈینٹل انسٹی ٹیوشنز (پامی) پنجاب کی نو منتخب ایگزیکٹو باڈی کی تقریب حلف برداری منعقد ہوئی، جس میں صباحت خان کو صدر اور عثمان انور کو جنرل سیکرٹری منتخب کر لیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پامی سنٹرل کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے کہا کہ میڈیکل ایجوکیشن سیکٹر کا 70 فیصد حصہ نجی شعبے سے وابستہ ہے، لیکن پالیسی وہ لوگ بنا رہے ہیں جنہوں نے کبھی کلینک نہیں چلایا۔ پالیسی بنانے والوں کو زمینی مسائل کا مکمل علم نہیں، اس لیے پالیسی سازی میں متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک سونے، چاندی یا تیل سے نہیں بلکہ اچھی پالیسیوں سے چلتے ہیں۔ ہم پالیسی پر عملدرآمد چاہتے ہیں، تاہم پالیسی بنانے والوں کو یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ اس پر عملی طور پر عملدرآمد کیسے ہوگا۔ بند کمروں میں پالیسیاں نہیں بننی چاہئیں، ہمیں سٹیک ہولڈر سمجھ کر پالیسی سازی کے عمل میں شامل کیا جائے تاکہ معیاری میڈیکل ایجوکیشن کے حوالے سے بہتر فیصلے کیے جا سکیں۔
پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے کہا کہ نائب وزیراعظم کے ساتھ ایک اجلاس میں طے ہوا تھا کہ پی ایم ڈی سی میں پامی کے دو ممبران ہونے چاہئیں، تاہم اس حوالے سے فائل ابھی تک ادھر ادھر گھوم رہی ہے۔
فیسوں کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ میڈیکل کالجز سے فیسوں کا پوچھا جاتا ہے، لیکن یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ دیگر تعلیمی ادارے چھوٹی کلاسوں میں بھی لاکھوں روپے فیس وصول کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر میڈیکل کالجز فیس وصول نہ کریں تو اداروں کے اخراجات کہاں سے پورے کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیکل کالجز کو کروڑوں روپے کے بجلی کے بل ادا کرنے کے ساتھ فیکلٹی اور دیگر اخراجات بھی برداشت کرنا ہوتے ہیں۔ فیس اداروں کی بقا اور تعلیمی نظام کو جاری رکھنے کے لیے ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میڈیکل ایجوکیشن کی ڈیمانڈ کم نہیں ہوئی، جبکہ دوسری جانب سکول اور کالجز بند کیے جا رہے ہیں۔ اگر ان معاملات کو درست نہ کیا گیا تو نظام میں تبدیلی ناگزیر ہوگی۔
پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے پامی پنجاب کی نئی کابینہ کے انتخاب پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کو متحد دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔ خیبرپختونخوا کا چیپٹر بھی مضبوط تھا، تاہم پنجاب کی موجودہ یکجہتی نے دل خوش کر دیا ہے۔
تقریب میں پامی پنجاب کی نئی کابینہ کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔ صباحت خان صدر، عثمان انور جنرل سیکرٹری، پروفیسر میاں عبدالرشید ایڈوائزر، حسن چیمہ خزانچی اور پروفیسر مہوش عروج جوائنٹ سیکرٹری منتخب ہوئیں۔ عمران رسول کو جوائنٹ سیکرٹری جنوب جبکہ محمد حیدر امین کو جوائنٹ سیکرٹری شمال منتخب کیا گیا۔
پامی کے چیئرمین نے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پامی پنجاب کی نئی قیادت میڈیکل ایجوکیشن سیکٹر کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گی اور تمام مسائل جلد حل ہوں گے۔