اپوزیشن کو بیرون ملک سے سپورٹ ہے، استعفے دیں گے تو الیکشن کرائیں گے، وزیراعظم

06:29 PM, 8 Dec, 2020

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن کو ایک بار پھر بڑا جھٹکا دے دیا۔ عمران خان بھی اپنے فیصلے پر ڈٹ گئے کہتے ہیں اگر اپوزیشن استعفے دے گی تو الیکشن کرائیں گے کیونکہ اپوزیشن پُراعتماد ہے تو حکومت بھی پُراعتماد ہے۔

سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ پتہ ہے اپوزیشن کو بیرون ملک سے سپورٹ ہے اور کچھ ممالک پاکستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتے جبکہ اپوزیشن سے این آر او کے سوا ہر چیز پر بات کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سے بات کریں تو اپنے مقدمات لے کر بیٹھ جاتی ہے کیونکہ اپوزیشن نیب کا خاتمہ چاہتی ہے تاکہ ان کے کیسز ختم ہو جائیں۔

وزیر اعظم نے کہا پی ڈی ایم کو جلسے کی اجازت نہیں دیں گے لیکن روکیں گے بھی نہیں۔ اپریل 2021 میں سینیٹ الیکشن کے بعد بلدیاتی الیکشن کرائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پاس بروقت نہ جانا سب سے بڑی غلطی تھی اور اب آئی ایم ایف بجلی کی قیمتیں بڑھانا چاہتا ہے اور ہم رکاوٹ بنے ہیں۔ 

وزیراعظم عمران خان نے کہا مجھے فوج کی جانب سے ہر پالیسی پر مکمل طور حمایت حاصل ہے اور میں یہ بھی چاہتا ہوں کہ اسمبلی میں کھڑے ہو کر سوالات کا جواب دوں لیکن مجھے بات نہیں کرنے دی جاتی۔

انہوں نے عالمی وبا کی دوسری لہر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ لہر خطرناک ہوتی جا رہی ہے اور کوئی بھی یہ نہیں سکتا کہ وبا مزید کیا تباہی پھیلائے گی۔ تاہم اپوزیشن ملک میں انتشار پھیلانا چاہتی ہے لیکن کسی صورت میں حکومت طاقت کا استعمال نہیں کرے گی اور اپوزشین کی یہ امید بھی پوری نہیں ہو گی۔ 

دوسری جانب مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس ہوا جس میں جیل بھرو تحریک کی تجویز سامنے آ گئی۔ اجلاس میں  مولانا فضل الرحمان نے جیل بھرو تحریک چلانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا اگر پی ڈی ایم کے سربراہ یا اہم رہنماؤں میں سے کسی کی گرفتاری ہوتی ہے تو اس آپشن پر غور کیا جائے۔ تمام جماعتیں اپنے کارکنوں کو اس حوالے سے تیار رکھیں اور گرفتاریوں کی صورت میں احتجاجی لائحہ عمل اور قومی شاہراہوں کی بندش بھی کی جائے۔ نئے سال کے آغاز میں اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکا نے تجویز دی کہ استعفے لانگ مارچ کے بعد دیئے جائیں اور بروقت اس آپشن کا استعمال کیا جائے۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ہماری تحریک عوامی ہے اور یہ اب کسی صورت میں بھی نہیں رکے گی۔ لاہور جلسے سے حکومت کی جان نکلی ہوئی ہے اور حکومت اب خود ہی جانے والی کیونکہ خوف میں مبتلا ہونے کی وجہ سے ان کی ایف آئی آر کہیں بھی سٹینڈ نہیں کرتی اور تحریک انصاف کی حکومت کو گھر بھیج کر دم لیں گے۔ 

مزیدخبریں