وزیر اعظم شہباز شریف کا سارک چارٹر ڈے کی 40ویں سالگرہ پر پیغام

10:34 AM, 8 Dec, 2025

اسلام آباد :  وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف نے سارک چارٹر ڈے کی 40ویں سالگرہ کے موقع پر سارک کے تمام رکن ممالک کو مبارکباد دی۔ اپنے پیغام میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ 40 برس قبل جنوبی ایشیا میں مکالمے اور تعاون کے فروغ کے لیے سارک (جنوبی ایشیائی علاقائی تعاون تنظیم) کی بنیاد رکھی گئی تھی، لیکن بدقسمتی سے علاقائی اور سیاسی مسائل کی وجہ سے اس تنظیم کے مقاصد مکمل طور پر حاصل نہیں ہو سکے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اگرچہ سارک کے قیام کا مقصد جنوبی ایشیا میں تعاون اور ترقی کے لیے ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا، تاہم مختلف سیاسی عوامل کی وجہ سے اس کا عمل کبھی بھی بھرپور طور پر آگے نہیں بڑھ سکا۔ وزیرِ اعظم نے پُرامن، مستحکم اور خوشحال جنوبی ایشیا کی تشکیل کے لیے تمام رکن ممالک کو مل کر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہمیں باہمی تعاون اور احترام کے اصولوں پر عمل کرنا ضروری ہے۔

وزیرِ اعظم نے اپنے پیغام میں یہ بھی کہا کہ اس خطے کے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے اور سارک کا کردار اس مقصد کے لیے اہم ہو سکتا ہے، بشرطیکہ اس میں شامل تمام ممالک اپنے تنازعات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے لیے پرعزم ہوں۔

مزیدخبریں