اسلام آباد : محکمہ موسمیات نے پاکستان کے بیشتر علاقوں میں سرد اور خشک موسم کی پیشگوئی کی ہے، جس کے مطابق آئندہ چند دنوں تک ملک بھر میں موسم سرد رہنے کا امکان ہے۔
اسلام آباد میں بھی سرد اور خشک موسم کی توقع ہے، جبکہ مری اور گلیات کے علاقے بھی سرد اور خشک رہیں گے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ اور گوجرانوالہ میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔
گجرات، جہلم، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان، خانیوال، لیہ، کوٹ ادو، بہاولپور اور ان کے گرد و نواح میں بھی دھند پڑنے کی توقع ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پشاور، صوابی، مردان، چارسدہ، نوشہرہ، اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی دھند کی توقع ہے۔ گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد رہے گا، اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ شمالی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا، اور اسکردو میں درجہ حرارت منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے۔ گلگت میں منفی 3، استور اور قلات میں منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دیر اور چترال میں بھی درجہ حرارت منفی ایک ریکارڈ کیا گیا، جبکہ کوئٹہ میں 2 اور اسلام آباد میں 3 ڈگری سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔
موسم کی اس شدت کو دیکھتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔