تل ابیب: غزہ میں جاری دو سالہ جنگ میں شامل ایک اور اسرائیلی فوجی نے خودکشی کر لی ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق، رافیل بارزانی نامی فوجی غزہ میں فوجی کارروائیوں میں شریک تھا اور جنگ کے دوران شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔ بارزانی پوسٹ ٹرامیٹک سٹریس ڈس آرڈر (PTSD) میں مبتلا تھا، جو جنگی صدمات کے نتیجے میں پیدا ہونے والی ایک ذہنی بیماری ہے۔
اس بیماری میں مبتلا افراد خوفناک خواب، فلیش بیک اور ذہنی بے چینی کا سامنا کرتے ہیں، جو ان کی روزمرہ زندگی کو شدید متاثر کرتا ہے۔ بارزانی کے کیس نے غزہ جنگ میں شریک اسرائیلی فوجیوں میں ذہنی بیماریوں اور خودکشی کے بڑھتے ہوئے رجحان پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
اس واقعے کے بعد اسرائیل میں داخلی سطح پر یہ سوالات اٹھائے جا رہے ہیں کہ فوجیوں کو جنگی صدمات کے اثرات سے نمٹنے کے لیے بہتر ذہنی اور طبی معاونت فراہم کی جانی چاہیے۔ اس کے ساتھ ساتھ اس بات پر بھی زور دیا جا رہا ہے کہ جنگی ماحول میں فوجیوں کی ذہنی صحت پر زیادہ توجہ دی جائے تاکہ مزید اس نوعیت کے سانحات سے بچا جا سکے۔