انڈونیشیا کے صدر اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ پاکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے

02:12 PM, 8 Dec, 2025

اسلام آباد: انڈونیشیا کے صدر پرابووو سوبیانتو اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ پاکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ صدر سوبیانتو کا یہ دورہ خصوصی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس سال پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ یہ صدر سوبیانتو کا پہلا دورہ اسلام آباد ہے۔

اسلام آباد پہنچنے پر صدر سوبیانتو کا استقبال پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور وزیرِاعظم شہباز شریف نے کیا۔ دورے کے دوران صدر سوبیانتو وزیرِاعظم کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے، جن میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، موسمیاتی تبدیلی، صحت، آئی ٹی، تعلیم، ثقافت اور دیگر اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

دورے کے دوران صدر سوبیانتو کی ملاقاتیں پاکستان کے صدر آصف علی زرداری، وزیرِاعظم شہباز شریف، اور  فیلڈ مارشل  جنرل سید عاصم منیر سے بھی ہوں گی۔ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور اقتصادی تعلقات میں مزید استحکام لانے کے لیے مذاکرات کیے جائیں گے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کیے جانے کا امکان بھی ہے، جو دونوں ملکوں کے مابین شراکت داری اور تعاون کے نئے افق کو کھول سکتے ہیں۔

مزیدخبریں