مسائل کا حل بات چیت سے چاہتے ہیں، عوام کے حقوق سلب کرنے کا حق کسی کو نہیں: مولانا فضل الرحمان

08:56 PM, 8 Feb, 2025

مردان: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کے معاشی استحکام کے دعووں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 26ویں آئینی ترامیم کے حوالے سے جے یو آئی (ف) نے اکیلے جنگ لڑی، جبکہ مدارس ایکٹ کے حوالے سے تاخیری حربے استعمال کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم مسائل کا حل تلخیوں کے بجائے بات چیت کے ذریعے چاہتے ہیں، لیکن عوام کے حقوق پر شب خون مارنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جا سکتی۔

مولانا فضل الرحمان نے 8 فروری کے عام انتخابات پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چاروں صوبوں میں دھاندلی کی گئی اور خیبر پختونخوا میں بھی دھاندلی کے ذریعے حکومت بنائی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جے یو آئی (ف) پارلیمنٹ میں اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے، تاہم حکومت کے دعوے محض زبانی باتیں ہیں، ملک میں حقیقی معاشی استحکام نظر نہیں آ رہا۔
 
 

مزیدخبریں