وزیراعظم کے پاس ڈرامہ دیکھنے کا وقت ہے مظلوموں کے سر پر ہاتھ رکھنے کا نہیں، مریم نواز

وزیراعظم کے پاس ڈرامہ دیکھنے کا وقت ہے مظلوموں کے سر پر ہاتھ رکھنے کا نہیں، مریم نواز
کیپشن: وزیراعظم کے پاس ڈرامہ دیکھنے کا وقت ہے مظلوموں کے سر پر ہاتھ رکھنے کا نہیں، مریم نواز
سورس: فائل فوٹو

کوئٹہ: مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس ترکش ڈرامہ دیکھنے کا وقت ہے مگر مظلوموں کے سر پر ہاتھ رکھنے کا نہیں ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سانحہ مچھ سے متعلق وزیراعظم کی بے حسی کی انتہا ہے اور آپ پر 22 کروڑ عوام کی ذمہ داری ہے جبکہ لوگوں کی آہ و بکا کو بلیک میلنگ کہیں گے تو اس پر انہیں شرم آنی چاہیے۔ 

مریم نواز نے کہا کہ وہ اپنے لوگوں کی لاشیں آگے رکھ کر بیٹھے ہوئے ہیں اور کیا ان کی لاشوں سے عمران خان کی انا بڑی ہے، وہ صرف یہ کہہ رہے ہیں کہ آپ آ جائیں اور ان کے سروں پر ہاتھ رکھیں دیں یا انہیں کچھ یقین دہانیاں کرا دیں۔ ہم لاشوں کو دفنا دیں گے اور اس کو وہ بلیک میلنگ کہہ رہے ہیں اور ان کا فرض ہے جو انہیں کرنا پڑے گا۔ 

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا وزیراعظم کے پاس ڈرامہ دیکھنے اور ایکٹر سے ملنے کا وقت ہے جبکہ ان کے پاس کتوں سے بھی کھلینے کا وقت ہے مگر مظلوم لوگوں کے سر پر ہاتھ رکھنے کا وقت نہیں۔ 

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم کے دورہ کوئٹہ کے حوالے سے بلائے گئے اجلاس میں فیصلہ نہ ہو سکا تھا ۔ وزیراعظم کی زیر صدارت سینئر وفاقی وزراء اور پارٹی رہ نماوں کا اجلاس ختم ہو گیا۔ اجلاس میں وزیر داخلہ شیخ رشید نے سانحہ مچھ کے حوالے سے بریفنگ دی اور متاثرین کو حکومتی امداد دینے کے حوالے سے تجویز کی منظوری بھی دی گئی۔ حکومتی قواعد کے مطابق متاثرین کی مالی امداد کی جائے گی۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے مستقبل میں ایسے واقعات کے تدارک کے لیے وزارت داخلہ کو ہدایت بھی کی۔ 

واضح رہے کہ تین جنوری کو بلوچستان کے علاقے مچھ میں مسلح افراد نے اسلحے کے زور کمرے میں سونے والے گیارہ کان کنوں کو بے دردی سے قتل کر دیا تھا۔ اس واقعے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔

اس واقعے کے بعد صدر مملکت پاکستان، وزیراعظم عمران خان سمیت مختلف سیاسی شخصیات نے اظہار مذمت کیا تھا جبکہ عمران خان نے ایف سی کو واقعے میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا حکم دیا تھا۔ تاہم ہزاری برادری نے پیش آنے والے سانحے کے بعد کوئٹہ کے مغربی بائی پاس پر اپنے پیاروں کی میتیں رکھ کر دھرنا دے دیا جو ابھی تک جاری ہے۔