کراچی: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معاشی ترقی کا سفر شروع ہو چکا ہے، موجودہ ٹیکس سلیبس کا نظام کاروبار اور سرمایہ کاری کو چلنے نہیں دے رہا، مگر آئی ایم ایف پروگرام میں ہونے کے باعث ہمیں عالمی مالیاتی ادارے سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی میں پاکستان سٹاک ایکسچینج کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک کی معاشی صورتحال پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ اب ہماری ترجیح گروتھ کی طرف بڑھنا ہے۔ گروتھ کو "بوم اینڈ بسٹ" کی صورتحال سے بچانے کے لیے ہمیں اس کی درست طریقے سے منیجمنٹ کرنا ہوگی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ بینکوں سے سرمایہ کاری حاصل کرنے کے لیے شرح سود کو 13 فیصد سے کم کر کے 6 فیصد تک لانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات پر مبنی گروتھ بڑھانی ہے اور اس کے لیے تجاویز کی ضرورت ہے۔
شہباز شریف نے ملک کے قدرتی وسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان وسائل سے فائدہ اٹھا کر یہاں انڈسٹریز قائم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ لوگوں کو نوکریاں مل سکیں۔ اس حوالے سے بھی انہوں نے کاروباری افراد سے تجاویز طلب کیں۔