غیر قانونی مائننگ اور منی لانڈرنگ میں ملوث ٹھیکیدار کی گرفتاری، نیب کی تحقیقات جاری

12:17 AM, 8 Jan, 2026

اسلام آباد: : غیر قانونی مائننگ کے الزام میں گرفتار ٹھیکیدار کو جسمانی ریمانڈ کے لیے نیب کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ملزم کو احتساب عدالت کے جج حامد مغل کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سینئر پراسیکوٹر نیب اور تفتیشی افسر بھی موجود تھے۔

نیب کے پراسیکوٹر نے دوران سماعت بتایا کہ ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ کاکول کے گزارہ جنگلات میں غیر قانونی مائننگ کی۔ اس دوران ملزم نے 2010 سے 2025 کے درمیان ایک لاکھ 41 ہزار 869 میٹرک ٹن فاسفیٹ نکالا اور قومی خزانے کو 643.7 ملین روپے کا نقصان پہنچایا۔ پراسیکوٹر نے مزید کہا کہ تحقیقات کے دوران ملزم کی منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کے شواہد بھی ملے ہیں۔

تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم کے نام پر ایبٹ آباد میں 8 پلاٹس اور 3 قیمتی گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں، جبکہ اس نے 12 مرلے پلاٹ اور مزید دو بینک اکاؤنٹس کا اعتراف بھی کیا ہے۔ نیب کی جانب سے اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے تحت بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔

ملزم سے مزید تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ کی توسیع کی درخواست کی گئی، جسے عدالت نے منظور کر لیا۔ اب نیب حکام ملزم سے مزید تحقیقات کریں گے تاکہ اس کیس کی تمام حقیقت سامنے آ سکے۔
 
 

مزیدخبریں