کیلیفورنیا:بحراوقیانوس میں عالمی طاقتوں کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے، جہاں امریکی بحریہ اور کوسٹ گارڈز نے سمندر میں کارروائی کرتے ہوئے روس اور وینزویلا کے دو تیل بردار جہازوں کو قبضے میں لے لیا ہے۔
امریکی حکام کے مطابق یہ جہاز امریکی پابندیوں کی زد میں آنے والے ممالک کا خام تیل لے جانے والے نام نہاد ’’شیڈو فلیٹ‘‘ کا حصہ تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ضبط کیے گئے جہازوں کے عملے کو امریکی عدالتوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
امریکا نے یہ الزام بھی عائد کیا ہے کہ روس نے مبینہ طور پر ان ٹینکروں کی حفاظت کے لیے اپنی بحریہ کو روانہ کیا تھا۔ دوسری جانب برطانیہ نے اعتراف کیا ہے کہ روسی آئل ٹینکر کو قبضے میں لینے کی کارروائی میں امریکی فوج کی مدد کی گئی۔
روسی حکومت نے امریکی اقدام پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ روسی حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی ملک کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ طاقت کے ذریعے دوسری ریاست کے جہازوں کو روکے یا قبضے میں لے۔
واقعے کے بعد خطے میں کشیدگی بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔