عمران خان کا خوداری، خود مختاری کا بیانیہ دلوں میں اتر گیا ہے: اسد عمر

عمران خان کا خوداری، خود مختاری کا بیانیہ دلوں میں اتر گیا ہے: اسد عمر

اسلام آباد: رہنما پی ٹی آئی اسد عمر نے کہا ہے کہ سیاسی طور پر قوم یکجا ہوتی نظر آرہی ہے ۔ عمران خان کا خوداری ، خود مختاری کا بیانیہ دلوں میں اتر گیا ہے ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ پنجاب کے ضمنی الیکشن کی تیاری زوروں پر ہے جلسے شروع ہو چکے ہیں ۔ بیشتر حلقوں میں تحریک انصاف بھاری اکثریت سے کامیاب ہوتی نظر آ رہی ہے ۔ پچھلے 6 ہفتوں میں عمران خان کی مقبولیت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے ۔ شہر ہوں یا گاؤں لوگ سیاسی طور پر ایک بیانیے پر کھڑے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے ضمنی الیکشن میں ڈائریکٹ اے سی اور ڈی سی کی فون کالز جا رہی ہیں ، ہمارے کارکنان کو کھلے عام دھمکیاں دی جا رہی ہیں ۔ غیر قانونی طور پر تعمیراتی کام بھی کرائے جا رہے ہیں ۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ سب سے زیادہ خطرناک چیز پنجاب میں ووٹ ایک سے دوسرے حلقے میں منتقل کیے جا رہے ہیں ۔ 2 جون کو الیکٹورل رولز جاری کیے گئے جس میں نئے ووٹ بھی آگئے ۔ جس دن الیکشن کا شیڈول جاری ہوتا ہے قانون اس کے بعد کسی ووٹ کی اجازت نہیں دیتا ۔

انہوں نے کہا کہ کل ہائی کورٹ میں اس کیخلاف پٹیشن فائل کر دی ہے ۔ عوام کا اداروں کے اوپر سے اعتماد اٹھ رہا ہے ۔ عوام کی زبان اور ذہن کھل چکے ہیں ۔ رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ حمزہ شہباز وزیراعلیٰ کے عہدے پر غیر قانونی طریقے سے آئے ، یہ اتنی آسانی سے جانے کے لئے تیار نہیں ہیں ۔

مصنف کے بارے میں