ملک بھر میں مون سون بارشوں کا ہیوی سپیل، مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش

09:49 AM, 8 Jul, 2025

لاہور : ملک کے مختلف حصوں میں مون سون کا ہیوی اسپیل جاری ہے جس کے نتیجے میں لاہور، ملتان، سیالکوٹ، گجرات، گوجرانوالہ، بہاولپور اور لیہ سمیت متعدد شہروں میں موسلا دھار بارشیں ہو رہی ہیں۔ لاہور کے مختلف علاقوں جیسے گلبرگ، کلمہ چوک، مغل پورہ، گڑھی شاھو اور لکشمی چوک میں شدید بارشوں نے شہر کی سڑکوں پر پانی جمع کر دیا جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی موسلادھار بارشوں نے گرمی اور حبس کا زور توڑا، جبکہ کراچی میں رم جھم بارشوں سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ ہنگو اور ہری پور جیسے پہاڑی علاقوں میں طوفانی بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں کی بندش کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، جبکہ قلات میں تیز بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق حالیہ بارشوں کے دوران بلوچستان میں حادثات کے نتیجے میں 10 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

اس صورتحال کے پیش نظر، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 10 جولائی تک ملک بھر میں شدید بارشوں اور سیلاب کی صورتحال پر الرٹ جاری کردیا ہے۔

موسمی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بارشیں معمول سے زیادہ شدت اختیار کر سکتی ہیں، اور اس دوران سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ جیسے خطرات بڑھنے کا امکان ہے۔ عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ندی نالوں کے قریب نہ جائیں۔

تمام متعلقہ حکام اور اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مون سون کی شدید بارشوں سے نمٹنے کے لئے فوری اقدامات کریں اور شہریوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت دیں۔

مزیدخبریں