دنیا میں جنگیں رکوانے کی مسلسل کوشش کررہا ہوں ، صدر ٹرمپ

10:10 AM, 8 Jul, 2025

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ملاقات میں ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کا دعویٰ کیا۔ وائٹ ہاؤس میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے ساتھ عشائیے پر گفتگو کرتے ہوئے، ٹرمپ نے کہا کہ دونوں ممالک نے "تجارت کے نام پر" جنگ روکی، اور یہ بات بھی کہی کہ پاکستان اور بھارت دونوں کے پاس ایٹمی ہتھیار ہیں۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کی کوشش کی اور اس حوالے سے مسلسل مداخلت کی۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران مذاکرات کے لیے تیار ہے اور اس بات کا بھی ذکر کیا کہ امریکا نے ایران کے ساتھ مذاکرات کے شیڈول کو ترتیب دے لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ دنیا بھر میں جنگوں کو روکنے کی مسلسل کوششیں کر رہے ہیں اور اس بات کی امید رکھتے ہیں کہ اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی کو ختم کرنے میں کامیابی حاصل ہو گی۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے اس موقع پر امریکا کے ساتھ مل کر ایسے ممالک کی تلاش کی بات کی جو فلسطینیوں کو بہتر مستقبل فراہم کر سکیں۔ اس کے ساتھ ہی نیتن یاہو نے صدر ٹرمپ کو امن کے نوبیل انعام کے لیے نامزد کرنے کی سفارش کی۔

اسرائیلی وزیراعظم نے نوبیل انعام کمیٹی کو خط لکھ کر صدر ٹرمپ کو نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کیا۔ اس کے بعد پاکستان نے بھی صدر ٹرمپ کی پاک بھارت کشیدگی میں مداخلت کے اعتراف میں ان کو نوبیل امن انعام کے لیے 2026 میں نامزد کرنے کی سفارش کی۔

نہ صرف پاکستان بلکہ امریکا کے ریپبلکن رکن کانگریس نے بھی صدر ٹرمپ کو اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں اہم کردار ادا کرنے پر نوبیل امن انعام 2026 کے لیے نامزد کیا ہے۔

مزیدخبریں