چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس محمد جنید غفار نےاپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا

12:12 PM, 8 Jul, 2025

کراچی: چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس محمد جنید غفار نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ حلف برداری کی تقریب میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ان سے حلف لیا۔ اس موقع پر سندھ ہائیکورٹ کے ججز، سینئر وکلاء اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی موجود تھے۔

تقریب کا خاص پہلو یہ تھا کہ یہ پہلی بار اس تاریخی مقام پر منعقد ہوئی جہاں بانی پاکستان محمد علی جناح نے بطور گورنر جنرل حلف اٹھایا تھا۔

حلف برداری کے بعد چیف جسٹس جنید غفار مزار قائد پر گئے جہاں انہوں نے فاتحہ خوانی کی۔ مزار قائد پر پہنچنے پر پاکستان نیوی کے دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ اس موقع پر سینئر جج جسٹس ظفر احمد راجپوت اور دیگر ججز بھی موجود تھے۔

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حلف برداری کے بعد مزار قائد پر حاضری دینا ایک روایت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ اتنی اہم ذمہ داریاں ملی ہیں اور وہ اپنی بہترین کوشش کریں گے کہ اپنے فرائض کو احسن طریقے سے انجام دیں۔ انہوں نے بتایا کہ ماتحت عدالتوں میں ججز کی تقرری کا عمل شروع ہو چکا ہے اور جلد سول ججز کی تقرریاں مکمل کی جائیں گی جس سے عدالتوں پر دباؤ کم ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئین میں حال ہی میں کی گئی ترمیم کے بعد آئینی اور ریگولر بنچز کی کیٹگریز بنائی گئی ہیں۔ بنچز کے دائرہ اختیار سے متعلق اختلافات کے حل کے لیے لارجر بنچز تشکیل دی گئی ہیں، اور وقت کے ساتھ سب واضح ہو جائے گا۔ چیف جسٹس نے یہ بھی کہا کہ چونکہ یہ پہلی بار ہے کہ ایسی ترمیم ہوئی ہے، اس لیے کچھ کنفیوژن رہنا فطری ہے، اور درخواست گزاروں کو بھی شفاف طریقے سے اپنی استدعا لکھنے کی ضرورت ہے تاکہ معاملات بہتر سمجھ میں آئیں۔

دوسری جانب، نامزد چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سردار سرفراز ڈوگر آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ ان کا حلف صدر مملکت آصف علی زرداری ایوان صدر میں لیں گے۔

مزیدخبریں