لاہور : پنجاب بھر میں موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کے باعث وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تمام متعلقہ اداروں کو فوری طور پر ہائی الرٹ رہنے کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے واسا، پی ڈی ایم اے، لوکل گورنمنٹ، ریسکیو 1122 اور ٹریفک پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ میدان میں موجود رہیں اور بارش کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھیں۔
وزیراعلیٰ نے خاص طور پر انتظامیہ اور واسا کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ خود فیلڈ میں جا کر نکاسی آب کے کاموں کی نگرانی کریں۔ اس کے علاوہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو بھی نشیبی علاقوں میں پانی کی نکاسی کی مانیٹرنگ کا پابند بنایا گیا ہے۔
مریم نواز نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ ٹریفک پلان جاری کریں اور شہریوں کو بروقت متبادل راستوں کی معلومات فراہم کریں تاکہ کسی بھی قسم کی ٹریفک کی مشکلات سے بچا جا سکے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے واضح کیا کہ بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی مشکلات کا فوری حل نکالا جائے اور تمام ادارے مل کر ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں رہ کر کام کریں۔