عالمی فوجداری عدالت نے طالبان کے سپریم لیڈر اور چیف جسٹس کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے

09:50 PM, 8 Jul, 2025

ہیگ : بین الاقوامی فوجداری عدالت (ICC) نے افغان طالبان کے سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخوندزادہ اور چیف جسٹس عبدالحکیم حقانی کے خلاف صنف کی بنیاد پر انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات کے تحت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

عدالتی اعلامیے کے مطابق، انہوں نے افغانستان میں خواتین اور لڑکیوں کو  نشانہ بنایا۔ اس دوران خواتین کو تعلیم، ملازمت، آزادانہ نقل و حرکت، اظہارِ رائے، مذہب اور ضمیر کی آزادی جیسے بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا۔

عدالتی بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بعض افراد کو ان کی جنسی شناخت یا رجحان کے باعث بھی نشانہ بنایا گیا، جو طالبان کی سخت گیر پالیسیوں سے مطابقت نہیں رکھتے تھے۔

آئی سی سی کے جج نے ریمارکس دیے کہ یہ اقدامات منظم اور ریاستی پالیسی کے تحت کیے گئے، جو کہ انسانیت کے خلاف جرائم کے زمرے میں آتے ہیں۔

واضح رہے کہ ہیگ میں قائم عالمی فوجداری عدالت کے پاس براہِ راست گرفتاری کا اختیار نہیں ہوتا، بلکہ وہ اپنے رکن ممالک کے تعاون سے وارنٹس پر عمل درآمد کرواتی ہے۔ ان وارنٹس کے بعد طالبان قیادت کو ICC رکن ممالک میں سفر کی صورت میں گرفتاری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

یہ پہلا موقع ہے کہ کسی عالمی عدالت نے افغان طالبان کی اعلیٰ قیادت کو خواتین کے خلاف جبری اقدامات پر قانونی طور پر جواب دہ ٹھہرایا ہے۔

مزیدخبریں