پاکستان ایئر پورٹ اتھارٹی کی جانب سے نجی کمپنی کے طیارہ حادثے کی تصدیق

12:47 AM, 8 Jul, 2026

کراچی: پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے نجی کمپنی کے کارگو طیارے کو پیش آنے والے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ واقعے کے بعد فوری طور پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ کارگو طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث مرمت کے لیے شارجہ بھیجا گیا تھا، جہاں یہ پانچ روز تک موجود رہا۔ مرمت مکمل ہونے کے بعد طیارہ بغیر کارگو کے فیری فلائٹ کے ذریعے کراچی واپس آرہا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے کی مرمت شارجہ میں ناردرن ٹیکنیکس نامی کمپنی نے انجام دی، جس کے بارے میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اس کا تعلق پاکستان کے ایک سابق مشیرِ ہوا بازی سے ہے۔

پی اے اے کے ترجمان کے مطابق شارجہ سے کراچی آنے والی نجی کارگو پرواز سے دورانِ سفر رابطہ اس وقت منقطع ہوا جب عملے نے نیوی گیشن سسٹم میں فنی خرابی کی اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی کراچی ایریا کنٹرول سینٹر نے عملے کو فوری تکنیکی معاونت اور ضروری ہدایات فراہم کیں۔

ترجمان نے بتایا کہ طیارہ اچانک تیزی سے بلندی کھونے لگا اور اس نے اپنی پرواز کا رخ بھی تبدیل کر لیا۔ کچھ ہی دیر بعد کراچی سے تقریباً 155 ناٹیکل میل مغرب میں طیارہ ریڈار سے اوجھل ہوگیا اور اس سے ریڈار و مواصلاتی رابطہ بیک وقت ختم ہوگیا۔

واقعے کے فوراً بعد ریسکیو کوآرڈی نیشن سینٹر کو فعال کر دیا گیا، جبکہ لاپتہ طیارے کی تلاش کے لیے سمندری حدود میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ مختلف متعلقہ ادارے مشترکہ طور پر کارروائی میں حصہ لے رہے ہیں۔

پی اے اے کے مطابق نجی کارگو طیارے میں عملے کے پانچ افراد سوار تھے، جن کی تلاش کے لیے آپریشن بدستور جاری ہے، جبکہ مزید پیش رفت سے عوام کو بروقت آگاہ کیا جائے گا۔

مزیدخبریں