راولپنڈی: فوجی فرٹیلائزر کمپنی (FFC) اور عالمی ادارے یارا انٹرنیشنل اے ایس اے کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری قائم ہو گئی ہے، جس کے تحت پاکستان میں جدید بائیولوجیکل اور اسپیشلٹی پلانٹ نیوٹریشن سلوشنز متعارف کرائے گئے ہیں۔
اس شراکت داری کا مقصد پاکستانی کاشتکاروں کو عالمی معیار کی جدید فصلی غذائیت فراہم کرنا اور فصلوں کی پیداوار، معیار اور پائیدار زرعی ترقی کو فروغ دینا ہے۔ایف ایف سی نے اپنے وسیع زرعی تجربے، ملک گیر نیٹ ورک اور مقامی ضروریات کی سمجھ کو یارا انٹرنیشنل کی عالمی تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ یکجا کیا ہے تاکہ کسانوں کو بہتر اور مؤثر زرعی حل فراہم کیے جا سکیں۔
تقریب کے دوران سونا اور یارا برانڈز کے تحت جدید بائیولوجیکل فولیئر مصنوعات اور سپیشلٹی کھادوں کا پورٹ فولیو متعارف کرایا گیا، جس میں مختلف فصلوں کی بہتر نشوونما اور غذائی ضروریات کو پورا کرنے والی مصنوعات شامل ہیں۔
ایف ایف سی کے چیف کمرشل آفیسر محمد علی جنجوعہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی جدید زرعی ٹیکنالوجی اور مؤثر فصلی غذائیت کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ یارا انٹرنیشنل کے ساتھ یہ تعاون پاکستانی زراعت کو عالمی معیار کے زرعی حل فراہم کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
یارا افریقہ اینڈ ایشیا کے سینئر وائس پریذیڈنٹ الیگزینڈر ماسیڈو نے کہا کہ یہ شراکت داری عالمی مہارت اور مقامی تجربے کا امتزاج ہے، جس سے پاکستانی کاشتکاروں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی، بہتر غذائی مصنوعات اور پائیدار کاشتکاری کے مواقع میسر آئیں گے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایف ایف سی اور یارا کا یہ تعاون زرعی پیداوار میں اضافے، وسائل کے بہتر استعمال اور پاکستان کے غذائی تحفظ کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔