انقرہ: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے خاتمے کے لیے کام کر رہے ہیں اور اس معاملے میں پیش رفت ہوئی ہے۔
یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے ماضی میں کئی جنگیں رکوانے میں کردار ادا کیا ہے اور روس یوکرین جنگ کے خاتمے کی بھی کوشش کریں گے۔
امریکی صدر نے کہا کہ یوکرین کو پیٹریاٹ میزائلوں کی فراہمی اور دفاعی ضروریات سے متعلق امور پر بات چیت کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یوکرین میں امریکا کے مفادات موجود ہیں، جن میں معدنی وسائل بھی شامل ہیں۔
ٹرمپ نے ترکیہ میں نیٹو اجلاس کو کامیاب قرار دیا اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے ساتھ ملاقات کو خوشگوار قرار دیا۔
ایران کے معاملے پر ٹرمپ نے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد ایران میں حکومت کی تبدیلی نہیں بلکہ اسے جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنا تھا۔
یوکرینی صدر زیلنسکی نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ صدر ٹرمپ روس یوکرین جنگ کے خاتمے میں مدد کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ملاقات میں اہم عالمی امور پر گفتگو ہوئی۔