لاہور: لاہور میں بارش کے بعد 200فیڈر ٹرپ کر گئے جس سے شہر تاریکی میں ڈوب گیا .
وزارت پانی وبجلی نے شہرمیں بجلی کی بندش کا سخت نوٹس لیتے ہوئے نااہلی برتنے پر لیسکو چیف واجد کاظمی کو وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تمام معاملات بہتر بنائیں ورنہ ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا ۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات کی شام لاہور میں تیز آندھی اور بارش کے باعث 200کے قریب فیڈر ٹرپ کر گئے جس سے شہر تاریکی میں ڈوب گیا ۔ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو افطاری اور تراویح کے دوران شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کے متعلقہ دفاتر میں معلومات کیلئے ٹیلی فون کئے تو کسی نے ان کی کال ریسیو نہیں کی ۔
دوسری طرف وزارت پانی وبجلی نے لیسکو چیف واجد کاظمی کی نااہلی کے باعث شہر میں بجلی کی طویل بندش کا سخت نوٹس لیتے ہوئے لیسکو چیف کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر معاملات کو بہتر بنائیں ورنہ ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا ۔ لیسکو چیف واجد کاظمی کے خلاف وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف کو بھی شکایات موصول ہو چکی ہیں کہ وہ شہر میں بجلی کی روانی کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کرنے میں ناکام رہے ہیں۔