وفاقی وزیر خارجہ سے کنیڈین ہائی کمشنر کی ملاقات

وفاقی وزیر خارجہ سے کنیڈین ہائی کمشنر کی ملاقات
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کینیڈا میں پاکستانی نژاد فیملی کے ساتھ المناک واقعہ پر بہت رنجیدہ ہیں اور یہ قتل اسلاموفوبیا اور دہشت گردی کی واضح مثال ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے کنیڈین ہائی کمشنر وینڈی گلمور نے وزارت خارجہ میں ملاقات کی جس دوران کینیڈا میں پاکستانی نژاد خاندان کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر گفتگو کیساتھ ساتھ اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان اور دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ کینیڈا میں پاکستانی نڑاد فیملی کے ساتھ المناک واقعہ پر بہت رنجیدہ ہیں اور یہ قتل اسلاموفوبیا اور دہشت گردی کی واضح مثال ہے، مذکورہ واقعے پر کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے مثبت ردعمل کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھاکہ مغرب میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز واقعات اسلاموفوبیا کی موجودگی کا ثبوت ہیں، وزیر اعظم اور میں نے بطور وزیر خارجہ اسلاموفوبیا کے خلاف آواز اٹھائی، اسلاموفوبیا کے حوالے سے عالمی سطح پر موثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
کینیڈین ہائی کمشنر نے کینیڈا میں پاکستانی نژاد خاندان کے ساتھ المناک واقعے پر افسوس کا اظہار کیا جبکہ کینیڈین ہائی کمشنر نے واقعے کی تحقیقات اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کروائی۔