گلگت بلتستان انتخابات: 'تیر' نشانے پر جا لگا، پیپلز پارٹی 9 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے، 7 آزاد امیدوار بھی کامیاب

10:05 AM, 8 Jun, 2026

گلگت: گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے، جس کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے میدان مار لیا ہے۔ اب تک 24 میں سے 21 نشستوں کے غیر حتمی نتائج سامنے آ چکے ہیں جن میں 'تیر' کا نشانہ سب سے پختہ رہا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق، پیپلز پارٹی کے 9 امیدوار کامیابی حاصل کر کے سب سے آگے ہیں، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے 4 امیدواروں کو کامیابی نصیب ہوئی ہے۔ اس بار کے انتخابات میں آزاد امیدواروں نے بھی زبردست اپ سیٹ کیے ہیں اور 7 آزاد امیدوار میدان مارنے میں کامیاب رہے ہیں۔ اس کے علاوہ مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) نے بھی 1 سیٹ اپنے نام کی ہے۔
    انتخابی دنگل کے بعد باقی رہ جانے والی نشستوں پر نتائج آنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے جس کی وجہ سے امیدوار اور ان کے حامی شدید بے چینی کا شکار ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے اب تک صرف 18 حلقوں کے فارم 47 (سرکاری عبوری نتائج) جاری کیے گئے ہیں، جس کے بعد حتمی سرکاری نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔

انتخابی کامیابی پر ردعمل دیتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ "گلگت بلتستان میں تیروں کی بارش ہو رہی ہے، پیپلز پارٹی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھر رہی ہے اور ہم یہاں حکومت بنانے کی کوشش کریں گے۔" انہوں نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جیالوں کو اس شاندار فتح پر مبارکباد پیش کی۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے نفرت، تقسیم اور انتشار کی سیاست کو مسترد کر کے خدمت اور عوامی نمائندگی کو ترجیح دی ہے۔

مزیدخبریں