گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے امریکی ناظم الامور کی ملاقات، معاشی تعاون اور تعلیمی سکالرشپس بڑھانے پر اتفاق

07:41 PM, 8 Jun, 2026

اسلام آباد :گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے گورنر ہاؤس اسلام آباد میں ایک اہم ملاقات کی، جس میں پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات، معاشی تعاون، سرمایہ کاری، تعلیم اور نوجوانوں کی ترقی سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران خصوصاً خیبرپختونخوا میں معدنیات، سیاحت اور توانائی کے شعبوں میں موجود سرمایہ کاری کے وسیع امکانات کو زیرِ بحث لایا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں، تاہم اب وقت کی ضرورت ہے کہ دونوں ممالک کے مابین معاشی تعاون اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ دیا جائے۔ انہوں نے صوبے کی ترقی کے لیے امریکی شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا۔

ملاقات میں پسماندہ اور قبائلی اضلاع کے نوجوانوں کے مستقبل پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے قبائلی اضلاع کے طلبہ کے لیے تعلیمی سکالرشپس کے دائرہ کار کو بڑھانے اور انہیں جدید تربیت و ہنر کی فراہمی پر اتفاق کیا۔

امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے خیبرپختونخوا کی ترقی، خصوصاً وہاں کے نوجوانوں کو جدید مہارتوں اور عالمی معیار کی تربیت کی فراہمی میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ صوبے کے بنیادی شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔

مزیدخبریں