ملتان سلطان، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے میچ میں شنیرا اکرام، ثانیہ مرزا کی تصاویر وائرل ہوگئیں

ملتان سلطان، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے میچ میں شنیرا اکرام، ثانیہ مرزا کی تصاویر وائرل ہوگئیں

دبئی: ملتان سلطان اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کل کے میچ میں شنیرا اکرام اور ثانیہ مرزا اپنے شوہروں کی حوصلہ افزائی کے لیے کرکٹ گراؤںڈ میں موجود تھیں، جن کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل میں شامل ہونے والی نئی ٹیم ’ملتان سلطان‘ کے ڈائریکٹر اور سابق کھلاڑی وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اور اسی ٹیم کے کپتان شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے دبئی میں کھیلے گئے ملتان سلطان اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے میچ میں اپنے شوہروں کی ٹیم کی حوصلہ افزائی کی۔ یہ پہلا موقع تھا کہ پاکستان کے مایہ ناز کھلاڑیوں کی دونوں غیر ملکی بیویاں ایک ساتھ میچ دیکھنے کے لیے گراؤنڈ میں موجود تھیں۔

اس دوران شنیرا اکرام اور ثانیہ مرزا نے ملتان سلطان ٹیم کو سپورٹ کرنے والے مداحوں کے ساتھ بھی جشن منایا اور ان کے ساتھ مل کر ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے نعرے بازی کی۔ مگر بدقسمتی سے ملتان سلطان کی ٹیم دلچسپ مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے 2 وکٹوں سے شکست کھا بیٹھی۔

ملتان سلطان کی شکست اپنی جگہ لیکن میچ کے دوران شنیرا اکرام اور ثانیہ مرزا کی کھینچی گئی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئے۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل ٹیموں میں پوائنٹس کے حوالے سے ملتان سلطان اب تک 9 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، جبکہ 7 پوائنٹس کے ساتھ کراچی کنگز دوسرے نمبر پر ہے۔