پاک چین دوستی مزید مضبوط، شہباز شریف اور چینی سفیر کی اہم ملاقات

12:31 AM, 8 Mar, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے چین-پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل اور مؤثر نفاذ کے لیے پاکستان اور چین کے درمیان قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا ہے۔


وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زیڈونگ سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات، سی پیک منصوبوں، سیکیورٹی تعاون اور اقتصادی ترقی جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔


وزیراعظم شہباز شریف نے چینی قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت اور عوام پاک چین آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔


وزیراعظم نے چینی صدر شی جن پنگ کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی اور 2015 میں ان کے تاریخی دورے کی دسویں سالگرہ کو شایان شان طریقے سے منانے کی ہدایات جاری کیں۔


چینی سفیر نے پاکستان کی قومی ترقی میں چین کے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک کی اقتصادی بہتری کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید فروغ دے گا۔
 

مزیدخبریں