پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز کا چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کو خراج تحسین

01:17 PM, 8 Mar, 2025

اسلام آباد :پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر شبلی فراز نے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈرز جاری کر کے اپنی آئینی ذمہ داری پوری کی، جس پر پی ٹی آئی اور اپوزیشن جماعتوں کا شکریہ ادا کیا۔

شبلی فراز نے کہا کہ قاسم رونجھو کے استعفیٰ کے بعد پی ٹی آئی کے سینیٹر نے استعفیٰ دیا تھا، جس کے نتیجے میں ان کی سیٹ پر الیکشن ہوئے، لیکن ثانیہ نشتر کے استعفیٰ کے باوجود ان کی سیٹ خالی نہیں کی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جہاں پی ٹی آئی کی اکثریت ہے، وہاں سینیٹ کے انتخابات کیوں نہیں کرائے جا رہے؟ یہ ایوان اس وقت نامکمل ہے اور اس سوال کا جواب دیا جائے کہ خیبرپختونخوا میں سینیٹ کے انتخابات کیوں نہیں کرائے جا رہے؟

شبلی فراز نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈرز جاری کر کے اپنا آئینی کردار بخوبی ادا کیا، اور اس پر تمام اپوزیشن ان کے شکرگزار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب ایوان کا ایک رکن ذلیل ہوتا ہے تو پورا ایوان متاثر ہوتا ہے، اور یوسف رضا گیلانی نے بائیکاٹ کے باوجود ہمت دکھائی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا مطالبہ یہ ہے کہ اعجاز چوہدری کو قانون کے مطابق ایوان میں لایا جائے۔

مزیدخبریں