راولپنڈی: انسداد دہشت گردی عدالت نے اغوا برائے تاوان اور قتل کیس کا بڑا فیصلہ سناتے ہوئے دو مجرموں کو سزائے موت دینے کا حکم دے دیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ "اغوا برائے تاوان کے بعد بیہمانہ قتل ایک سنگین اور ناقابل معافی جرم ہے، مجرموں کو اس وقت تک پھانسی دی جائے جب تک موت واقع نہ ہو"۔
عدالت نے مجرمان عتیق خان اور یاسر علی کو اغوا کے جرم میں عمر قید کی سزا بھی سنائی، جبکہ دونوں پر مجموعی طور پر 23 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
کیس کی تفصیلات کے مطابق مجرمان نے شہری فیصل کو اغوا کرکے ایک کروڑ روپے تاوان طلب کیا تھا، بعد ازاں یکم فروری 2021 کو مغوی کو قتل کر دیا۔ یہ مقدمہ تھانہ فتح جنگ، اٹک میں درج کیا گیا تھا۔