آپریشن غضب للحق میں افغان طالبان کو عبرتناک شکست، 583 ہلاک اور سینکڑوں چیک پوسٹیں تباہ: عطا تارڑ

05:40 PM, 8 Mar, 2026

اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے "آپریشن غضب للحق" کے حوالے سے اہم ترین اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے نتیجے میں افغان طالبان کو دفاعی اور جانی طور پر ناقابلِ تلافی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
وفاق وزیر اطلاعات نے کہا کہ   کارروائیوں کے دوران اب تک 583 افغان طالبان ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 795 سے تجاوز کر گئی ہے۔ افغان طالبان کی 242 چیک پوسٹیں مکمل طور پر تباہ کر دی گئیں۔ اس کے علاوہ 38 چیک پوسٹوں پر پہلے قبضہ کیا گیا اور بعد ازاں انہیں جڑ سے اکھاڑ دیا گیا۔ آپریشن کے دوران دشمن کے 213 ٹینک، بکتر بند گاڑیاں اور توپیں ملبے کا ڈھیر بنا دی گئیں۔
 پاک فضائیہ نے افغانستان میں دہشت گردوں کے 64 مختلف ٹھکانوں کو انتہائی مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، جس سے ان کا نیٹ ورک مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ "آپریشن غضب للحق" ملک کی سالمیت اور سرحدوں کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دشمن کے ہر ٹھکانے کو کامیابی سے نشانہ بنایا جا رہا ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔

مزیدخبریں