احمد آباد : بھارت نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں نیوزی لینڈ کو 96 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر تیسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں بھارتی ٹیم نے دفاعی چیمپئن کی حیثیت سے اپنی برتری ثابت کرتے ہوئے کیویز کو کھیل کے تمام شعبوں میں پچھاڑ دیا۔
نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بھارتی بلے بازوں نے 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 255 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔سنجو سیمسن نے 89، ایشان کشن نے 54 اور ابھیشیک شرما نے 52 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔شیوم دوبے نے محض 8 گیندوں پر 28 رنز بنا کر اسکور کو ناقابلِ رسائی بنا دیا۔
256 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 19ویں اوور میں 159 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ٹم سیفرٹ (52) اور مچل سینٹنر (47) کے علاوہ کوئی بھی بلے باز بھارتی بولنگ کا سامنا نہ کر سکا۔ جسپریت بمرا نے 4 اور اکشر پٹیل نے 3 وکٹیں حاصل کر کے فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ابھیشیک شرما نے بیٹنگ کے بعد بولنگ میں بھی ایک وکٹ حاصل کی۔
اس فتح کے ساتھ ہی بھارت نے تیسری بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ ٹائٹل اپنے نام کر کے کرکٹ کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کر دیا ہے۔
تیسری عالمی فتح: بھارتی سورماؤں نے نیوزی لینڈ کا چیمپئن بننے کا خواب چکنا چور کر دیا
10:25 PM, 8 Mar, 2026