اسلام آباد: ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ترکیہ پاکستان کے پرانے اور مخلص دوست کے طور پر خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کی بحالی میں ہر ممکن کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
یہ بات انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کہی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے بھارتی جارحیت کے تناظر میں ترکیہ کی جانب سے پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے بھارتی میزائل حملے کو شدید الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ پاکستان کی خودمختاری پر سنگین حملہ اور جنوبی ایشیا کے امن کے لیے خطرہ ہے۔ انہوں نے اسے بزدلانہ اور ناقابل قبول اقدام قرار دیا۔
صدر اردوان نے بھارتی حملے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے امن پسند رویے اور خطے میں استحکام کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی تحسین کی۔
ترک صدر نے پاکستانی عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کی مکمل حمایت کرتا ہے اور پاکستان کی سفارتی کوششوں کی کامیابی کے لیے ترک عوام دعا گو ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پوری قوت سے اقدامات جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے پاکستان کو پہلگام واقعے میں ملوث کرنے کی کوشش کو قطعی طور پر مسترد کرتے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت نے غیر جانبدار اور شفاف بین الاقوامی تحقیقات کی پیشکش کو رد کرکے جارحیت اور غیر ذمہ دارانہ ریاستی طرزعمل کو اپنایا ہے، جو خطے کے امن کے لیے شدید خطرہ ہے۔