راولپنڈی : موجودہ کشیدہ علاقائی صورتحال کے پیشِ نظر پاکستان نے ایک نیا جنگی ترانہ "اللہ اکبر۔۔ تیار ہیں ہم" ریلیز کیا ہے، جو پاکستانی قوم کے جذبات کی بھرپور عکاسی کرتا ہے۔ اس نغمے میں شامل شاعری دل کو گرما دینے والی ہے، اور اس کی سحر انگیز آواز نے سننے والوں میں عزم، جذبے اور فخر کا نیا جذبہ پیدا کیا ہے۔ نغمے کے بول "غالب ہیں، خدا کا وار ہیں ہم، لڑنے کیلئے تیار ہیں ہم" اس وقت ہر پاکستانی کی زبان پر ہیں۔
اس ملی نغمے میں بھارت کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ وہ نہیں جانتا کہ وہ کس قوم سے ٹکرایا ہے۔ نغمے میں کہا گیا کہ پاکستان ایک ایسی قوم ہے جو دینِ اسلام کے نام پر بنی ہے، اور اس کی فوج ایمان، تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ کو اپنا نصب العین سمجھتی ہے۔ پاک فوج ہر طرح کی بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے، اور اس کے پاس برق رفتار، جدید ہتھیاروں سے لیس سامان حرب اور سخت ترین ٹریننگ کا بہترین نظام موجود ہے۔
نغمہ پاک فوج کی بہادری، قربانی اور قومی اتحاد کا بھرپور ترجمان ہے، اور اس نے قوم کے ہر فرد کے دل کی آواز بن کر اس میں جرات، حوصلہ اور ہمت کی ایک نئی روح پھونکی ہے۔ نغمے میں بار بار گونجنے والا "اللہ اکبر" کا نعرہ سننے والوں کے دلوں میں نئے عزم اور حوصلے کی لہر دوڑاتا ہے۔
یہ ملی نغمہ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے آفیشل یوٹیوب چینل سے جاری کیا گیا، اور اسے اب تک لاکھوں لوگوں نے دیکھا ہے۔ اس میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، قومی عزم اور دفاع وطن کے جذبے کی عکاسی کی گئی ہے۔