قوم اپنی افواج کے افسروں اور جوانوں کو سلام پیش کرتی ہے، مریم نواز

02:11 PM, 8 May, 2025

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھارتی ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے بےگناہ شہریوں کو نشانہ بنا کر بزدلی کا ثبوت دیا ہے، اور اسے ان حملوں کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ لاہور سمیت مختلف شہروں میں بھارتی ڈرونز کو بروقت گرانے پر انہوں نے پاک فوج، فضائیہ، پولیس اور ریسکیو اداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا کہ قوم اپنی افواج کے افسروں اور جوانوں کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا غرور، اس کے رافیل طیاروں کے زمین پر گرے ملبے کی صورت میں نظر آ رہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے شہری آبادیوں کو نشانہ بنانا نہ صرف بزدلانہ حرکت ہے بلکہ عالمی قوانین کی بھی صریح خلاف ورزی ہے، خاص طور پر آبی ذخائر پر حملے اس کے جارحانہ عزائم کو بے نقاب کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا اور قوم ایک ایک قطرے کا حساب لے گی۔ مریم نواز نے لاہور، راولپنڈی اور دیگر شہروں کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت بھی جاری کی، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کا فوری اور مؤثر جواب دیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ قوم افواجِ پاکستان کے جانبازوں، فضائیہ کے شاہینوں اور بری و بحری فوج کے جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے، اور بھارت کے تکبر کو ہر محاذ پر شکست دی جائے گی۔

مزیدخبریں