'معرکہ حق' کا ایک سال مکمل: آئی ایس پی آر کے شاہکار ملی نغمے 'اللہ اکبر، تیار ہیں ہم' کی دھوم

10:51 AM, 8 May, 2026

راولپنڈی: 'معرکہ حق' کا ایک سال مکمل ہونے پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (ISPR) کے ولولہ انگیز ملی نغمے "اللہ اکبر، تیار ہیں ہم" نے ایک بار پھر عوام کے لہو کو گرما دیا ہے۔ گزشتہ سال ریلیز ہونے والے اس نغمے نے نہ صرف مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کیے بلکہ آج بھی یہ پاکستانیوں کے دلوں کی دھڑکن بنا ہوا ہے۔
اس ملی نغمے کی خاص بات اس کے سحر انگیز اشعار اور وہ پُراثر آواز ہے جس نے سننے والوں پر وجد طاری کر دیا۔ نغمے کے بولوں میں چھپا عزم اور دھن کی گھنٹیوں نے ایک ایسا سماں باندھ دیا ہے کہ ہر محبِ وطن کا سر فخر سے بلند ہو گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر اس نغمے کی ایک سالہ تکمیل پر صارفین کی جانب سے بھرپور پذیرائی کا سلسلہ جاری ہے۔
نغمے کے متن میں دشمن خصوصاً بھارت کو دوٹوک اور واشگاف پیغام دیا گیا ہے۔ نغمہ اس حقیقت کی عکاسی کرتا ہے کہ     بھارت اپنی بزدلانہ چالوں سے اس باہمت قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتا۔    ملی نغمے کے بول دشمن کو یاد دلاتے ہیں کہ اس نے ایک ایسی قوم کو للکارا ہے جو اپنے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔    "اللہ اکبر" کی صداؤں نے دشمن کے ایوانوں میں لرزہ طاری کر دیا ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ نغمہ محض ایک گیت نہیں بلکہ پاکستانی قوم اور افواجِ پاکستان کے درمیان لازوال رشتے کی علامت ہے۔ ایک سال گزرنے کے باوجود اس نغمے کی مقبولیت میں کمی نہیں آئی، بلکہ یہ ہر تقریب اور ہر محاذ پر جذبہِ ایمانی کو جلا بخشنے کا ذریعہ بن رہا ہے۔

مزیدخبریں