اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا تارڑ نے ’معرکہِ حق‘ کی پہلی سالگرہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کو جنگ میں عبرتناک شکست دے کر دنیا کو یہ پیغام دے دیا ہے کہ ہم اب ایک بدلے ہوئے اور ناقابلِ تسخیر پاکستان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان دنیا میں صرف ایک ایٹمی طاقت نہیں بلکہ امن اور عزت کی علامت بن کر ابھرا ہے۔
عطا تارڑ نے پاک افواج کی جرات کی داستان بیان کرتے ہوئے کہا پاک فضائیہ نے بھارتی طیاروں کو مار گرا کر بھارت کے نام نہاد فضائی غرور کو مٹی میں ملا دیا۔فیلڈ مارشل کی بہترین جنگی حکمتِ عملی (Strategy) نے دشمن کے حواس باختہ کر دیے اور اسے سنبھلنے کا موقع تک نہ دیا۔ دشمن جو بڑے دعوے لے کر نکلا تھا، پاک فوج کے منہ توڑ جواب کے بعد محض چند گھنٹوں میں عالمی برادری کے سامنے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہو گیا۔
وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ اس جنگ نے ثابت کیا کہ جب حکومت، عوام اور افواجِ پاکستان متحد ہوں تو وہ 'بنیانِ مرصوص' یعنی سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جاتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت آج بھی ان زخموں کی تاب نہیں لا سکا جو اسے اس معرکے میں ملے تھے اور وہ اب بھی عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہے۔
عطا تارڑ نے دوٹوک الفاظ میں کہا ایک ایسی ریاست ہے جو خطے میں دہشت گردی کی سرپرستی کر رہی ہے۔ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے جس نے نہ صرف دہشت گردی کا خاتمہ کیا بلکہ ہمیشہ امن کی شمع روشن کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ معرکہِ حق کے بعد پاکستان کا سفارتی اور عسکری وقار بلندیوں کو چھو رہا ہے اور ہم دنیا کو یہ باور کرا چکے ہیں کہ ہم سے ٹکرانے والوں کا انجام ہمیشہ عبرتناک ہوگا۔
’معرکہِ حق‘ نے دشمن کا تکبر خاک میں ملا دیا، پاکستان اب عالمی امن کا محور ہے: عطا تارڑ
11:53 AM, 8 May, 2026