اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے ’معرکہِ حق‘ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ دفاعِ وطن کے لیے دی جانے والی عظیم قربانیوں سے عبارت ہے، اور ہم نے اس مٹی کی آزادی کے لیے اپنے لختِ جگر قربان کیے ہیں۔
مصدق ملک نے دورانِ خطاب بھارتی جارحیت کا شکار ہونے والے 6 سالہ شہید ارتضیٰ عباس کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا ننھا ارتضیٰ عباس بھارتی بلااشتعال بمباری کے نتیجے میں شہید ہوا، جس کی معصومیت اور شہادت آج ہم سب پر ایک قرض ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جب ارتضیٰ کی شہادت کی خبر آئی، اس کے والد لیفٹیننٹ کرنل ظہیر عباس وطن کی سرحدوں پر دفاعِ وطن کے مقدس فریضے پر مامور تھے۔ ان کا یہ حوصلہ اور عزم پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے۔وفاقی وزیر نے پاکستان کے دفاعی وقار پر زور دیتے ہوئے کہا قیامِ پاکستان سے لے کر آج تک وطن کے دفاع کے لیے بے شمار جانوں کا نذرانہ پیش کیا گیا ہے۔’معرکہِ حق‘ کے دوران افواجِ پاکستان نے جس جرات کا مظاہرہ کیا، اس نے ثابت کر دیا کہ پاکستان کی آزادی کی حفاظت کے لیے ہم کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔
مصدق ملک نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ "پاکستان ہمارا ہے اور اس کی آزادی کی حفاظت ہم نے خود کرنی ہے"۔ انہوں نے مزید کہا ہم نے آزادی کی بہت بڑی قیمت ادا کی ہے، یہ ہمیں تحفے میں نہیں ملی۔ شہدا کا لہو اس بات کی گواہی ہے کہ پاکستانی قوم اپنے دفاع سے کبھی غافل نہیں ہوئی۔وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ننھے ارتضیٰ عباس جیسے شہدا کی قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا اور پاکستان کا دفاع ہمیشہ ناقابلِ تسخیر رہے گا۔
ارتضیٰ عباس کی شہادت ہم سب پر قرض ہے، آزادی کی بہت بڑی قیمت ادا کی: وفاقی وزیر مصدق ملک
02:21 PM, 8 May, 2026