ورلڈ کپ 2026: شکیرا کی واپسی،  نئے آفیشل ترانے 'ڈائی ڈائی'  نے میلہ لوٹ لیا

04:45 PM, 8 May, 2026

برازیل: فٹبال ورلڈ کپ کی پہچان بن جانے والی نامور گلوکارہ شکیرا نے 2026 کے عالمی کپ کے لیے نیا آفیشل ترانہ ’’ڈائی ڈائی‘‘ (Dai Dai) متعارف کروا دیا ہے۔ اس بار شکیرا کے ساتھ نائیجیرین موسیقی کے سپر اسٹار برنا بوائے بھی آواز کا جادو جگا رہے ہیں۔گلوکارہ نے برازیل کے تاریخی ماراکانا اسٹیڈیم سے اس ترانے کی ایک خصوصی ویڈیو جاری کی ہے جس میں عالمی ثقافت اور فٹبال کے رنگوں کو خوبصورتی سے سمویا گیا ہے۔ ویڈیو میں مختلف ممالک کے رنگ برنگے لباس پہنے ڈانسرز رقص کرتے نظر آرہے ہیں۔ یہ گانا 14 مئی کو باقاعدہ طور پر دنیا بھر میں جاری کیا جائے گا۔
ویڈیو میں شکیرا نے 2006، 2010 اور 2014 کے ورلڈ کپ مقابلوں میں استعمال ہونے والی آفیشل بالز بھی دکھائیں، جو ان کے طویل اور کامیاب فٹبال میوزک سفر کی علامت ہیں۔ شکیرا اس سے قبل 'واکا واکا' (Waka Waka) اور 'ہپس ڈونٹ لائی' جیسے عالمی شہرت یافتہ ترانے دے چکی ہیں جنہوں نے فٹبال کی تاریخ میں ریکارڈ ساز کامیابی حاصل کی۔
فٹبال کا یہ میگا ایونٹ 11 جون سے 19 جولائی 2026 تک جاری رہے گا، جس کی مشترکہ میزبانی امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو کر رہے ہیں۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ شکیرا کی شمولیت سے اس بار بھی ورلڈ کپ کا جوش و خروش ساتویں آسمان پر ہوگا۔

مزیدخبریں