کیلیفورنیا: گوگل نے اپنی مقبول ای میل سروس جی میل کے اے آئی فیچر “Help Me Write” کو مزید بہتر اور جدید بنا دیا ہے۔
گوگل کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ جیمنائی پر مبنی اس ٹول میں دو نئی اہم پرسنلائزڈ خصوصیات شامل کی گئی ہیں۔
پہلا فیچر “کانٹیکسچولائزیشن” ہے، جو جی میل کو صارف کی گوگل ڈرائیو اور پہلے سے موجود ای میل ڈیٹا سے منسلک کر کے ای میل لکھنے میں متعلقہ معلومات استعمال کرنے کی صلاحیت فراہم کرتا ہے۔
دوسرا فیچر “ٹون اینڈ اسٹائل” سے متعلق ہے، جس کے ذریعے اے آئی صارف کی سابقہ ای میلز کے انداز کو سمجھ کر اسی طرز پر نئی ای میلز تیار کرے گا، جس سے پیغام زیادہ قدرتی اور ذاتی نوعیت کا محسوس ہوگا۔
کمپنی کے مطابق ان دونوں اپڈیٹس کے بعد تیار ہونے والی ای میلز صارف کے لکھنے کے انداز سے کافی حد تک مماثلت رکھیں گی۔
یہ فیچرز ابتدائی طور پر بزنس اسٹارٹر، اسٹینڈرڈ اور پلس صارفین کے لیے دستیاب ہوں گے، جبکہ بعد ازاں گوگل اے آئی پلس، پرو اور الٹرا صارفین کو بھی فراہم کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ ان فیچرز کا اعلان فروری 2026 میں کیا گیا تھا، تاہم اب انہیں صارفین کے لیے باقاعدہ طور پر متعارف کرایا جا رہا ہے۔