پاکستان میں آئی فون صارفین کے لیے بری خبر سامنے آ گئی

08:06 PM, 8 May, 2026

اسلام آباد: پاکستان میں آئی فون صارفین کے لیے مایوس کن پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ایپل کمپنی کی جانب سے اپنے ہینڈ سیٹس پر 5G سپورٹ کے مکمل اجرا میں تاخیر کا عندیہ دیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایپل نے پاکستانی حکام کو آگاہ کیا ہے کہ وہ 2027 میں مارکیٹ کے حجم اور دیگر تکنیکی و تجارتی عوامل کا جائزہ لینے کے بعد ہی آئی فون صارفین کے لیے 5G فیچر کی مکمل سہولت فراہم کرے گا۔

وزارت آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے حکام کے مطابق کمپنی کا یہ فیصلہ پاکستان کی نسبتاً محدود مارکیٹ سائز اور مختلف کاروباری عوامل کے باعث سامنے آیا ہے۔

ماہرین کے مطابق درآمدی اسمارٹ فونز، خصوصاً آئی فونز پر زیادہ ٹیکسز کی وجہ سے پاکستان میں ایپل کی مارکیٹ متاثر ہوئی ہے، جسے اس تاخیر کی اہم وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب سام سنگ کے متعدد اسمارٹ فونز پر 5G سروس پہلے ہی دستیاب ہے، جبکہ ملک میں ٹیلی کام آپریٹرز بھی مرحلہ وار 5G نیٹ ورک کو متعارف کرانے کے عمل میں ہیں۔

یاد رہے کہ حکومت نے رواں سال مارچ میں 507 ملین ڈالر مالیت کے 5G اسپیکٹرم کی نیلامی مکمل کی تھی، جس کے بعد مختلف شہروں میں آزمائشی بنیادوں پر 5G سروس کا آغاز بھی کیا جا چکا ہے۔ تاہم آئی فون صارفین کو مکمل 5G سپورٹ کے لیے مزید انتظار کرنا ہوگا۔
 
 
 

مزیدخبریں