امریکی کارروائی کا نشانہ بننے والا ایرانی جہاز 'توسکا' کراچی پہنچ گیا، مرمت کی تیاریاں

07:20 PM, 8 May, 2026

کراچی :خلیج عمان میں امریکی بحریہ کی جانب سے مبینہ طور پر تلاشی کا نشانہ بننے والا ایرانی تجارتی جہاز 'توسکا' (Tosca) کراچی کی بندرگاہ پہنچ گیا ہے۔ شپنگ ذرائع کے مطابق جہاز کا انجن ناکارہ ہو چکا ہے، جس کے باعث اسے فی الحال کراچی پورٹ کی بیرونی لنگر گاہ (Outer Anchorage) پر کھڑا کر دیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق، ایرانی کمرشل جہاز 'توسکا' جب خلیج عمان سے گزر رہا تھا تو امریکی فوج نے اسے روک کر اپنی تحویل میں لیا۔ اس دوران جہاز کی مکمل تلاشی لی گئی اور تلاشی کے اس عمل کے بعد جہاز کے انجن نے کام کرنا چھوڑ دیا۔ جہاز کس نوعیت کا سامان لے جا رہا تھا، اس حوالے سے مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
جہاز کے انجن میں خرابی کے باعث اسے مدد کے لیے کراچی لایا گیا ہے۔ شپنگ ذرائع کا کہنا ہے کہ     جہاز اس وقت سمندر میں آؤٹر اینکریج پر موجود ہے اور پورٹ حکام کی ہدایات کا منتظر ہے۔    جہاز کی فنی خرابی اس قدر سنگین ہے کہ اس کی مرمت کے لیے کراچی شپ یارڈ کی خدمات حاصل کیے جانے کا قوی امکان ہے۔    مقامی حکام اور سیکیورٹی ادارے جہاز کی آمد اور اس سے وابستہ حالات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
بین الاقوامی سمندری حدود میں پیش آنے والے اس واقعے اور جہاز کی کراچی آمد کو دفاعی ماہرین اہم قرار دے رہے ہیں۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ انجن کی خرابی تلاشی کے دوران کسی فنی مداخلت کا نتیجہ ہے یا یہ محض ایک حادثہ ہے۔ کراچی شپ یارڈ میں معائنے کے بعد ہی جہاز کی واپسی یا مزید قیام کا فیصلہ کیا جائے گا۔

مزیدخبریں