پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر کا چینی ائیر شو میں شاندار مظاہرہ

پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر کا چینی ائیر شو میں شاندار مظاہرہ

بیجنگ: پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر نے چین کے شہر ژوہائی میں ہونے والے ائیر شو کے تیسرے روز مختلف ممالک کی ایئر فورسز اور فضائی صنعت کے وفود کی موجودگی میں شاندار مظاہرہ پیش کیا۔

تفصیلات کے مطابق فضائی مظاہرہ کے ماہر ونگ کمانڈر ذیشان بریار نے کچھ غیر معمولی کرتب دکھائے جن میں عمودی اور الٹی پروازوں سمیت مہارتوں کے مختلف مظاہرے شامل تھے۔ ‘فخر قوم’ جے ایف 17 تھنڈر پندرہ منٹ تک دلکش کارکردگی دکھا کر سینکڑوں تماشائیوں کی تالیوں کی گونج میں اپنا مشہور زمانہ الوداعی مظاہرہ vertical rolls کرتے ہوئے ژوہائی کی فضاؤں میں اوجھل ہو گیا۔ مظاہرے کے بعد جب طیارہ واپس آیا تو متحیر شائقین نے تالیاں بجا کراسکی شاندار پرفارمنس پر داد دی ۔

فضائی مظاہرے میں حصہ لینے والے طیارے کے علاوہ ایک جے ایف 17 طیارہ تمام ہتھیاروں سے لیس، زمین پر موجود شائقین، مختلف ممالک سے آئے خریداروں اور فضائی صنعت کے ماہرین کے لئے مرکز نگاہ بنا رہا۔ پاک فضائیہ کا دستہ 6 سے 11 نومبر 2018 تک ژوہائی چائنہ میں منعقدہ 12 وہیں چینی بین الاقوامی فضائی و ہوابازی نمائش میں شریک ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان ائیروناٹیکل کمپلیکس اور چین کی مشترکہ کاوش سے تیار کردہ  جے ایف 17 اپنے ہم عصر جنگی جہازوں میں اپنی جدید ساخت اور ہمہ جہت خوبیوں کی وجہ سے ایک نمایاں حیثیت کا حامل ہے۔