اسلام آباد: 27ویں آئینی ترمیم کے چند نکات پر اختلافات کے باعث وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج صبح 10 بجے طلب کر لیا گیا ہے۔ وزیراعظم باکو سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی صدارت کریں گے، جبکہ تمام کابینہ ارکان کو اسلام آباد میں موجود رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق، وزارتِ قانون نے 27ویں آئینی ترمیم کا ابتدائی مسودہ تیار کر لیا ہے۔ بیشتر نکات پر اتحادی جماعتوں کے درمیان اتفاقِ رائے ہو چکا ہے، تاہم ایک دو نکات پر مشاورت ابھی جاری ہے۔
حکومتی اتحادی جماعتوں، جن میں ایم کیو ایم، مسلم لیگ (ق)، استحکامِ پاکستان پارٹی اور دیگر شامل ہیں، نے ترمیم کی حمایت کی یقین دہانی کرا دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئینی ترمیم کا مسودہ آج سینیٹ میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب، پیپلز پارٹی کے اعتراض کے بعد حکومت نے 27ویں ترمیم میں این ایف سی ایوارڈ سے متعلق شقوں کو نہ چھیڑنے کا عندیہ دیا ہے۔ پیپلز پارٹی کی تجاویز کو حتمی مسودے میں شامل کیا جائے گا، جس کے بعد ترمیم کو پارلیمان میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
سیاسی مبصرین کے مطابق، 27ویں آئینی ترمیم پر اتفاقِ رائے کے بعد موجودہ حکومت کے لیے پارلیمانی تعاون مزید مضبوط ہونے کی توقع ہے۔