27ویں آئینی ترمیم قومی اتفاقِ رائے سے منظور کرنا چاہتے ہیں، صوبائی خودمختاری کو کوئی خطرہ نہیں: احسن اقبال

08:45 AM, 8 Nov, 2025

لندن :وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت 27ویں آئینی ترمیم پر قومی سطح پر اتفاقِ رائے پیدا کرنا چاہتی ہے، اس ترمیم کے ذریعے صوبائی خودمختاری ختم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کو آئینی تحفظ دینا وقت کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئینی ترمیم کسی سیاسی جماعت کے مفاد میں نہیں بلکہ ریاست کے استحکام کے لیے ہے۔
انہوں نے کہا کہ “پاکستان کو ہر قیمت پر سیاسی و معاشی استحکام کی ضرورت ہے، اور ہمیں مذہبی انتہاپسندی کے وائرس کو جڑ سے ختم کرنا ہوگا۔وفاقی وزیر نے پاکستانی ہائی کمیشن لندن میں اوورسیز پاکستانیوں سے خطاب کے دوران کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اقتدار سنبھالتے ہی مشکل فیصلے کیے، اگر کوئی اور ہوتا تو شاید ایسے فیصلے نہ کر پاتا۔
انہوں نے کہا کہ “گزشتہ حکومت نے جاتے جاتے تیل کی قیمتیں کم کر کے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، ہمیں آتے ہی مجبورا قیمتیں بڑھانا پڑیں، مگر عوام نے مثالی صبر کا مظاہرہ کیا۔”

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان تاریخ میں چوتھی بار ترقی کی اڑان بھرنے جا رہا ہے، تاہم ماضی میں تین بار سیاسی عدم استحکام کے باعث ترقی کا سفر رک گیا۔
انہوں نے کہا کہ “اب ہمیں سیاسی استحکام اور قومی اتفاق کے ذریعے ملک کو درست سمت میں لے جانا ہوگا۔”

وزیر منصوبہ بندی نے دفاعی اداروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ “بھارت کے ساتھ جنگ میں قوم اور افواجِ پاکستان نے اپنی بہادری ثابت کی، 10 مئی کو ثابت ہوا کہ پاکستان کے پاس فیلڈ مارشل جیسا دلیر کمانڈر موجود ہے۔”

مزیدخبریں