دوحہ : خاتونِ اول آصفہ بھٹو نے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانا پائیدار ترقی کے دروازے کھولنے کی کنجی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ترقی اس وقت تک ممکن نہیں جب تک خواتین اور مردوں کو برابری کی بنیاد پر مواقع فراہم نہ کیے جائیں۔
دوحہ میں خواتین کے بااختیار بنانے سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آصفہ بھٹو نے کہا کہ پاکستان نے خواتین کو ترقی کے قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے متعدد انقلابی اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ “پاکستانی خواتین کی بااختیاری اُن بہادر اور بصیرت رکھنے والی خواتین کی جدوجہد کا تسلسل ہے جنہوں نے ملک کی خدمت میں نمایاں کردار ادا کیا۔”
خاتونِ اول نے دنیا بھر میں صنفی مساوات اور خواتین کی قیادت کو فروغ دینے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترقی کا سفر اس وقت تک مکمل نہیں ہو سکتا جب تک خواتین کو تعلیم، صحت، معیشت اور فیصلہ سازی کے تمام شعبوں میں مساوی نمائندگی نہ دی جائے۔